Get Alerts

سعودی عرب: مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے میں 35 عمرہ زائرین جاں بحق

سعودی عرب: مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے میں 35 عمرہ زائرین جاں بحق
سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مدینہ منورہ کے نواحی گاؤں الاخل کے قریب حجرہ روڈ پر ایک بس مخالف سمت سے آنے والے لوڈر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق اور کئی شدید زخمی ہو گئے۔

بس میں 39 غیر ملکی مسافر سوار تھے جن کا تعلق عرب اور ایشیائی ممالک سے تھا اور وہ مدینہ جارہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو الحمنا ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ جبکہ 4 زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بس حادثے کی اطلاع ملتے ہی مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اس حوالے سے سعودی ہلال احمر نے کہا کہ ان کی 20 ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں۔ جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو بس سے مردہ خانے منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔

ہلال احمر کا کہنا تھا کہ بس حادثہ 16 اکتوبر کی شب 18 بجکر 49 منٹ پر ہوا تھا اور جب ان کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے اور باقی مسافر جاں بحق ہوچکے تھے۔