پارلیمنٹ ہاؤس میں انتہائی خطرناک جنگلی جانور داخل ہوگیا

پارلیمنٹ ہاؤس میں انتہائی خطرناک جنگلی جانور داخل ہوگیا
جنگلی جانور پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوگیا. عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں. جانور نے متعدد دفاتر کے کمروں میں توڑ پھوڑ کرکے نقصان پہنچایا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں گزشتہ روز ایک جنگلی جانور نے گھس کر خوب دھما چوکڑی مچائی تھی۔ عملہ اس کو پکڑنے کے جتن کرتا رہا مگر جنگلی جانور دفاتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کرتا رہا۔ آج پھر ایک جنگلی جانور قومی اسمبلی میں گھس آیا جسے سکیورٹی عملے نے انتہائی خطرناک قرار دے دیا.

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں جنگلی جانور کو پارلیمنٹ ہاؤس کے دفاتر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ جنگلی جانور خوفزدہ دکھائی دے رہا تھا اور عمارت سے باہر نکلنے کے راستے تلاش کر رہا تھا لیکن باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنے سے قاصر تھا۔ غیر معمولی واقعہ سے ارکان پارلیمنٹ اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا.جنگلی جانور کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے عملہ بھی پریشان دکھائی دے رہا تھا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے عملے کا کہنا ہے کہ یہ جانور انتہائی خطرناک ہے جو پارلیمنٹ کے کئی دفاتر کو نقصان پہنچا چکا ہے۔ تاہم مسلسل کوشش کے بعد پولیس اہلکاروں نے اس جنگلی جانور کو پکڑ لیا جسے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا جائے گا۔

اس حوالے سے کنزرویٹر محکمہ جنگلی حیات سندھ جاوید مہر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے والا جانور ’سیوٹ کیٹ‘ ہے۔ مقامی زبان میں اس جانور کو ’مشک بلا‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بے ضرر جانور ہے جو سیوٹ جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں کثرت سے پایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ جنگلی جانور گزشتہ روز بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے کئی دفاتر میں داخل ہوگیا تھا۔ آج پھر جنگلی جانور کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کا واقعہ سامنے آیا۔