طورخم بارڈر کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

طورخم بارڈر کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی
پاکستان میں طورخم سرحد پر بڑا پہاڑی تودہ گرنے سے تقریباً 2 درجن ٹرک اور کنٹینر مٹی اور پتھروں کے نیچے دب گئے. آرمی کی ریسکیو ٹیموں کا برق رفتار ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مزید افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک آرمی، 1122 اور سول انتظامیہ کی مشترکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

آرمی انجینئرز کے متعدد ڈمپرز، ڈوزر اور دیگر آلات و مشینری متاثرہ علاقے سے ملبہ ہٹانے میں مصروفِ عمل ہیں۔ پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے اپنے مخصوص سرچ کیمروں، ریسکیو ریڈار، کٹرز، اور لائف لوکیٹرز کی مدد سے ملبے کے نیچے دبے 3 افراد کی لاشیں جبکہ 12 افراد کو زندہ نکال لیا جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک آرمی کی ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے آخری فرد کے انخلا تک آپریشن جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر میں طورخم بارڈر کے قریب طورخم روڈ پر  پہاڑی تودہ گرنے سے حادثہ منگل کو سحری کے وقت پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب 100 سے زائد ٹرک طورخم سرحد عبور کرنے کیلئے انتظار میں کھڑے تھے۔ پہاڑی تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی۔ علاقے میں رات بھر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ امدادی کارکنوں کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے ایک ٹرک میں فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔