معاملہ بگڑ گیا، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہائوس میں داخل، 2 ایم این ایز سمیت متعدد گرفتار

معاملہ بگڑ گیا، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہائوس میں داخل، 2 ایم این ایز سمیت متعدد گرفتار
تحریک انصاف کے مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہائوس میں داخل ہو گئے ہیں جہاں منحرف اراکین اسمبلی موجود ہیں۔ کارکنوں نے اپنے ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1504805957230276609?s=20&t=mTVf1RIEQ3nhuZfoZ_-MPw

مشتعل کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہم برداشت نہیں کر سکتے کہ وزیراعظم عمران خان کے نام پر عوام سے ووٹ لے کر ایوان میں جانے والے اراکین اسمبلی پیسوں اور دیگر مراعات کے عوض اپنا ضمیر بیچ دیں۔ اگر انہوں نے یہ اقدام اٹھانا ہے تو پہلے اپنی سیٹ سے استعفے دیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1504808987338100744?s=20&t=mTVf1RIEQ3nhuZfoZ_-MPw

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کریں۔ جیو نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں اگر پی ٹی آئی کا ایم این اے بھی ملوث ہوا تو اس کیخلاف بھی قانونی کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے گا۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1504809535672061955?s=20&t=mTVf1RIEQ3nhuZfoZ_-MPw

اطلاعات ہیں کہ ان مشتعل کارکنوں کو لیڈ اراکین قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی اور فہیم خان لیڈ کر رہے تھے جنھیں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت دنوں سے اطلاعات ہیں کہ ہمارے لوگ کہاں ہیں۔ جو کچھ سندھ ہاؤس میں ہورہا ہے میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کا حامی تھا اور آج سمری وزیراعظم صاحب کو پیش کی لیکن کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ جو 9 یا 12 ہیں وہ اپنے گھروں سے بھی پوچھیں اور میں ان سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ وہ واپس آجائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ کس دن ووٹنگ ہونگی اس کا فیصلہ سپیکر صاحب کریں گے اور بڑا مسئلہ وزیراعظم کی ریلی ہے انہوں نے دس لاکھ لوگوں کو کال دی ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں باہمی افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کیا جائے اور ڈی سی اسلام آباد کو کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کی لوکل قیادت سے ملا جائے اور جمہوریت ایک دوسرے کی بات سننے کا نام ہے اور میں دہرانا نہیں چاہتا کہ اس ملک کے سیاسی معاشی حالات ایسے نہیں کہ سیاسی تصادم ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد آپ کا آئینی حق ہے آئیں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ بطور وزیر داخلہ یقین دلاتا ہوں کہ کسی شخص کے لیے سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور ہم سندھ ہاؤس نہیں جارہے ہیں۔ وزارت داخلہ آپ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ہم سندھ ہاؤس میں داخل نہیں ہونگے۔