آشیانہ اقبال ہاؤسنگ ریفرنس، احتساب عدالت نے شہباز شریف کو بری کر دیا

عدالت نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت میں آشیانہ کیس کی میرٹ پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف، فواد حسن فواد احد خان چیمہ اور دیگر کیخلاف کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔  نیب نے  تمام ملزمان کو پہلے ہی  کلین چٹ دے دی تھی۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ ریفرنس، احتساب عدالت نے شہباز شریف کو بری کر دیا

احتساب عدالت نے  آشیانہ اقبال ہاؤسنگ ریفرنس  کیس میں سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد خان چیمہ سمیت دیگر کو بری کر دیا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج علی ذوالقرنین اعوان نے آشیانہ اقبال ریفرنس کیس میں بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور دیگر 10 ملزمان کو ریفرنس سے بری کردیا۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اور نیب نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔

نیب پراسیکیوٹر وارث  علی جنجوعہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد نہیں ملے۔ عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔ نیب پراسکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجودہ کیس پر اثرانداز نہیں ہوتا۔

جس پر عدالت نے کہا کہ بریت کی درخواستوں پر 2 گھنٹے تک فیصلہ دوں گا۔ بعد میں عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت میں آشیانہ کیس کی میرٹ پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف، فواد حسن فواد احد خان چیمہ اور دیگر کیخلاف کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔   نیب نے  تمام ملزمان کو پہلے ہی  کلین چٹ دے دی تھی۔ نیب آرڈیننس ترامیم پر سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کا اطلاق آشیانہ اقبال ریفرنس پر نہیں ہوتا۔ سپریم کورٹ نے انٹرا کورٹ اپیل میں صرف نیب ترامیم سے ریلیف ملنے والے کیسز میں حتمی فیصلے سے روکا ہے۔ آشیانہ اقبال ریفرنس میں ملزمان نے نیب ترامیم سے کوئی فائدہ  نہیں اٹھایا۔

شہباز شریف سمیت دیگر نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔ عدالت نے شریک ملزمان منیر ضیاء، امتیاز حیدر، بلال قدوائی، سجاد بھٹہ، شاہد محمود کی بریت کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔

یکم نومبر کو احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا تاہم احتساب عدالت لاہور نے سپریم کورٹ کی تشریح تک آشیانہ اقبال ریفرنس کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ روک دیا۔

عدالت کیس میں 2 مرکزی ملزمان کو بری کر چکی ہے جب کہ شہباز شریف کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں عدالت کی جانب سے 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

واضح رہےکہ آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔