سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے محمد خان بھٹی کوراہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن میں منتقل کر دیا ہے۔
محمد خان بھٹی پر الزام ہے کہ انہوں نے رشوت سے حاصل کی گئی 30کروڑ روپے کی رقم سے چینی کا اسٹاک خرید کرانویسٹمنٹ کی۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق محمد خان بھٹی نے آلائنز شوگر مل گھوٹکی میں 30کروڑ روپے کی چینی خرید رکھی ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب راولپنڈی ریجن نے محمد خان بھٹی کے خلاف انکوائری کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہٰی کے دست راست اور سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی نے اپنے اقبالی بیان میں پرویز الٰہٰی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کی کرپشن کا کچا چٹھا کھول دیا تھا۔
علاوہ ازیں محمد خان بھٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ سپریم کورٹ جسٹس مظاہر علی نقوی نے دو جج صاحبان جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجازالاحسن ذمہ داری اٹھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے ٹھیک ٹھاک پیسے بنائے ہیں۔
محمد خان بھٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور چوہدری صاحب کا مظاہر نقوی کے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ یہ عدالتوں میں بھی ہمارا بہت خیال کرتے ہیں اور فیصلے ہمارے حق میں دلواتے ہیں۔ ان کا کوئی کام نہیں رکنا چاہیے۔ وہ ٹرانسفرز، پوسٹنگ ہر کام میں ٹھیک ٹھاک پیسے کما رہے ہیں۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔