ہم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتے تو آج پیٹرول 1 ہزار روپے لیٹر ہوتا: نواز شریف

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے۔چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں۔ اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ سابق آرمی چیف اور سابق سربراہ آئی ایس آئی کے آلہ کار تھے۔

ہم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتے تو آج پیٹرول 1 ہزار روپے لیٹر ہوتا: نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ مشکل وقت میں پی ڈی ایم نےحکومت سنبھال کر ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ورنہ آج ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔ اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔اب وقت آ گیا ہے ملک کیساتھ کھیلنے اور ملک کو تباہ کرنیوالوں کا احتساب کرنا ہو گا۔

پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کوئی زخمی سڑک پر پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے۔چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں۔ اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ سابق آرمی چیف اور سابق سربراہ آئی ایس آئی کے آلہ کار تھے۔ انہیں معاف کرنا قوم کے ساتھ ناانصافی ہو گی، وہ معافی کے مستحق نہیں ہیں۔ ملک کو اس حال تک پہنچانے والے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک کا یہ حشر کرنے والے لوگ کون ہیں؟ آج غریب کو روٹی میسر نہیں۔ پاکستان کو اس حال تک پہنچانے والا کون ہے؟ہمارے یہ حالات 2017 میں نہیں تھے۔ آٹا، چینی اور گھی سستے داموں دستیاب تھے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں جو شخص 1000روپے بجلی کا بل بھرتا تھا، آج کل 30ہزار روپے ادا کررہا ہے۔ عوام بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں؟قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہم سب کے سامنے آگئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ وقت کس کی رعونت پہ خاک ڈال گیا۔یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں۔خدا سے ڈرو۔ آج رعونت والے کہاں ہیں؟ مریم نواز کو گرفتار کرنے آئے تو میں نے مریم سے کہا بیٹا بہادری اور مضبوطی سے جاؤ، اللّٰہ ہمیں سرخرو کرے گا۔ اتنی تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں تھیں۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے جرم کیے بغیر جیلیں بھگتیں۔

ن لیگ کے قائد نے مزید کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں۔کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے۔ ان مجرموں کو چھوڑنا بہت بڑا ظلم ہوگا۔ یہ لوگ قابلِ معافی نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے درد کی خاطر ہم نےخلوص سے یہ قربانی دی ہے۔لکھ کر دیتا ہوں۔ ان شاءاللّٰہ انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے۔ میں نے پہلے بھی معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا۔ اب بھی اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے۔ اس کا صلہ کامیابیوں کی صورت میں ملےگا۔