مینار پاکستان واقعے کے بعد ایک اور لڑکی سے بدسلوکی اور ہراسانی کی ویڈیو سامنے آ گئی

مینار پاکستان واقعے کے بعد ایک اور لڑکی سے بدسلوکی اور ہراسانی کی ویڈیو سامنے آ گئی
لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے واقعے کے بعد ایک اور لڑکی سے مبینہ بدسلوکی اور جنسی ہراسانی کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 14 اگست کے روز ایک شاہراہ پر نوجوان ہلڑ بازی کر رہے ہیں اور اسی دوران چنگچی رکشہ میں جانے والے ایک لڑکی کو نوجوان رکشے میں چڑھ کر زبردستی غیر اخلاقی حرکت کر رہا ہے اور لڑکی پریشانی اور بے بسی میں چیخیں مار رہی ہے۔

ایسے میں کئی اور نوجوان بھی چنگچی رکشے کی جانب بڑھتے ہیں لیکن لڑکی کے ساتھ بیٹھی دوسری لڑکی چپل اتار کر ان کی طرف آنے والوں کو روکتی ہے۔ وائرل ویڈیو کے حوالے سے واضح طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ ویڈیو کس شہر اور مقام کی ہے تاہم سوشل میڈیا پر کچھ لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ واقعہ جشن آزادی کے موقع پر لاہور میں ہی پیش آیا۔

https://twitter.com/ShamaJunejo/status/1428702357030846464

وائرل ویڈیو پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور فوری طور پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 400 افراد نے مینار پاکستان کے مقام پر خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی، اس کے کپڑے پھاڑے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔ اس حوالے سے حکام نے 400 نامعلوم ملزمان پر ایف آئی آر درج کروائی جب کہ ابھی تک 26 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔