پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری نے کہا کہ اگر عاصم منیر ایک ’خوبصورت صبح‘ بیدار ہوں اور کہیں کہ ”بس بہت ہو گیا، مجھے اس وقت "قوم کا باپ" بن کر دکھانا ہے“ تو وہ ملک پر اپنا ’شفا بخش ہاتھ‘ رکھ سکتے ہیں۔
زلفی بخاری کے بقول، ایسی صورت میں ”ہر سیاسی قیدی 24 گھنٹوں کے اندر باہر ہو سکتا ہے۔“
زلفی بخاری نے رائٹرز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حوالے سے ایک دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ڈیل اور ڈھیل کی خبریں زور پکڑتی جا رہی ہیں اور سپریم کورٹ نے بھی یکایک عمران خان کو الشفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ رہنے والے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی ماضی میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ’بابائے قوم‘ قرار دے چکے ہیں۔
باجوہ کے بارے میں ماضی کے اس بیان اور اب عاصم منیر سے متعلق زلفی بخاری کے تبصرے نے سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں پی ٹی آئی کے فوجی قیادت سے متعلق بیانیے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔