معروف گلوکار علی سیٹھی پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے آفیشل سانگ میں پرفارم نہیں کریں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اقربا پروری کے الزامات سے بچنے کے لیے اپنے بیٹے علی سیٹھی کو اجازت نہیں دی۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ علی سیٹھی کی میرے آنے سے پہلے پی سی بی کے ساتھ پی ایس ایل کے آفیشل سونگ کے حوالے سے بات چیت چل رہی تھی، لیکن اگر میں علی سیٹھی کو گانا دے دیتا تو لوگ اعتراض کرتے کہ اپنے بیٹے کو گانا دے دیا، نہ جانے کتنے پیسے دیے ہوں گے۔ میں نے مفادات کے ٹکراو سے بچنے کے لیے علی سیٹھی کو گانا نہیں دیا۔
یاد رہے کہ علی سیٹھی ایک مقبول گلوکار کی حیثیت سے خود کو منوا چکے ہیں۔ ان کی شہرت کا چرچا اس وقت ہوا جب انہوں نے 2022 میں کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کا چھٹا گانا 'پسوڑی' گایا۔ اس گانے کی وجہ سے علی سیٹھی کو بڑی شہرت اور پہچان ملی۔ پسوڑی پاکستان کا پہلا گانا تھا جس کو سپوٹیفائی میڈیا کے گلوبل چارٹ کے 50 وائرل گانوں میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایک طرف تو اچھی مثال قائم کی ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو فائدہ پہنچانے سے انکار کر دیا ہے، مگر اس میں علی سیٹھی جیسے ٹیلنٹ کے ساتھ زیادتی کا عنصر بھی پایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سینیئر تجزیہ کار نجم سیٹھی جب سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمیں بنے ہیں ان کے اوپر ایک سیاسی پارٹی اور بورڈ کے سابق چیئرمیں رمیز راجہ کی طرف سے شدید تنقید ہو رہی ہے۔ ہو سکتا ہے نجم سیٹھی نے مزید تنقید اور اعتراضات سے بچنے کے لیے علی سیٹھی سے پرفارم نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہو۔