کچہ گرینڈ آپریشن: وقاری عمرانی گینگ کے سرغنہ سمیت 5 ڈاکو گرفتار

کچہ گرینڈ آپریشن: وقاری عمرانی گینگ کے سرغنہ سمیت 5 ڈاکو گرفتار
گرینڈ آپریشن میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل، خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقاری عمرانی گینگ کے سرغنہ وقار عرف وقاری عمرانی سمیت 5 ڈاکو گرفتار ہو گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر گرینڈ پولیس کچہ آپریشن 42 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی کاروائیوں میں اب تک 10 ڈاکو ہلاک،46 گرفتار 18سرنڈر،09 مغوی بازیاب ہو چکےہیں۔

آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی قیادت میں جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس دستے دشوار گزار علاقہ کچہ مورو میں داخل ہو گئی۔

آر پی او ڈی جی خان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہو گئی۔ خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے پانچ ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا۔ وقار عرف وقاری عمرانی گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایس ایم جی گنز، ایمونیشن برآمد ہوئے۔

کچہ مورو میں بھی اغوا برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، راہزنی میں ملوث گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرکے پیش قدمی جاری ہے۔ پولیس کی بکتر بند گاڑیوں نے کچہ مورو میں تمام کمین گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر کے نذر آتش کر دیا گیا۔

رحیم یار خان پولیس نے کچہ کراچی کو کلیئر کرنے کے بعد کچہ رجوانی پر مکمل فوکس کرلیا۔پولیس جزیرہ نما کچہ رجوانی میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لے آئی۔ پولیس نے دریائے سندھ کے درمیان وسیع و عریض خطرناک جزیرہ نما کچہ پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کی ریکی شروع کر دی۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کچہ کے علاقہ سے کریمنلز کے مکمل صفایا اور پائیدار امن تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔ پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم سکول اور ڈسپنسری کو آپ گریڈ کر دیا ہے۔ پولیس سکول اور ڈسپنسری کو خیموں سے نکال کر عمارتوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔