لاہور پولیس چیف عمر شیخ کی خاتون سے فون پر مبینہ بدزبانی کی آڈیو لیک

لاہور پولیس چیف عمر شیخ کی خاتون سے فون پر مبینہ بدزبانی کی آڈیو لیک
سی سی پی او لاہور نے جب سے منصب سنبھالا ہے ایک کے بعد ایک تنازع انہیں لپیٹ میں لیئے ہوئے ہے۔ کبھی موٹر وے ریپ کی متاثرہ خاتون کے بارے میں بے حسی پر مبنی ریمارکس اور پھر اسکی توثیق تو کبھی اپنے پی اے کی گرفتاری۔ اس سے بھی جی نہ بھرا تو ایس پی سی آئی اے کی گرفتاری کے احکامات میں بدنامی کما لی۔ اب تازہ ترین طور پر ان کی ایک مبینہ آڈیو کلپ منظر عام پر آئی۔ہے جس میں وہ ایک خاتون کو گالیاں دے رہے ہیں۔

آڈیو کلپ جسے میڈیا رپورٹس میں سی سی پی او کی جانب منسوب کیا گیا ہے اس میں سنا جا سکتا ہے کہ خاتون سی سی پی او کو سلام کرتی ہے اور اپنے کیس کے بارے میں استفسار کرتی ہے جس پر عمر شیخ بھڑک جاتے ہیں اور اسے گالی دے کر پکارتے ہیں اور اسے آئندہ انہیں کال نہ کرنے کا کہتے ہوئے حوالہ دیتے ہیں کہ وہ اس خاتون کا کتنا خیال کر رہے ہیں اور اس نے تماشہ لگایا ہوا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ بند کرو اب یہ تماشہ.

 جیو نیوز کے مطابق  رائےونڈ کی رہائشی خاتون کی جانب سے سی سی پی او کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ حیدر علی نامی سب انسپکٹر نے اس کے شوہر سے مقدمہ درج نہ کرنے کا کہہ کر ایک لاکھ 93 ہزار روپے رشوت لے لی مگر پھر مقدمہ بھی درج کر لیا۔


دوسری جانب سی سی پی او کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو گفتگو ان کے خلاف نئی کہانی ہے۔