ملک میں 57 فیصد لوگ وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کھو رہے ہیں، سروے رپورٹ

ملک میں 57 فیصد لوگ وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کھو رہے ہیں، سروے رپورٹ
اسلام آباد: پلس کنسلٹنٹ نامی ادارے نے اپنے تازہ سروے میں دعویٰ کیا ہے کہ 57 فیصد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان پر اپنا اعتماد کھو رہے ہیں۔ ادارے کے کوارٹر سروے کے مطابق ملک میں ہر 10 میں سے 6 لوگ وزیر اعظم عمران خان کے اس دعوے پر یقین نہیں رکھتے کہ ملک معاشی بدحالی سے نکل جائے گا۔

ادارے کی جانب سے یہ سروے ملک کے 60 شہروں میں کیا گیا جہاں چاروں صوبوں سے 1809 لوگوں کی رائے لی گئی۔ ادارے نے یہ سروے 4 سے 10 اکتوبر2021 کی دوران کیا جن میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی رائے لی گئی۔

ادارے کے مطابق جولائی 2021 میں 17 فیصد لوگ وزیر اعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کرتے تھے لیکن اکتوبر میں یہ تناسب 7 فیصد تک آگیا ہے ۔ ادارے کے مطابق جولائی 2021 میں 56 فیصد لوگ وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے تھے مگر 3 مہینے کے دورانئیے میں اس میں اضافہ دیکھا گیا اور اب 77 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسی درست سمت میں نہیں جارہی ہے۔

ادارے کے مطابق جولائی 2021 میں 43 فیصد لوگ سمجھتے تھے کہ وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسی درست سمت میں جارہی ہے مگر اب صرف 24 فیصد لوگ وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں کو درست سمجھتے ہیں اور وزیر اعظم کی معاشی پالیسیوں پر لوگوں کا اعتماد مزید کمزور ہوگیا۔

سروے کے مطابق نومبر 2018 کے بعد کیے گئے سرویز کے مطابق 95 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ ملک میں ہر تین ماہ بعد مہنگائی کے تناسب میں اضافہ دیکھا گیا۔ سروے کے مطابق 68 فیصد لوگوں کے پاس سیونگز نہیں اور 68 فیصد لوگوں نے اپنے اخراجات میں اس لئے کمی کی کہ ان کی ضروریات پوری ہوجائیں۔

سروے کے مطابق 77 فیصد لوگوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 35 فیصد لوگوں نے کرپشن کو بڑا مسئلہ قرار دیا۔ سروے میں سابق وزیر خزانہ اور موجودہ مشیر خزانہ شوکت ترین کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور 53 فیصد لوگوں نے شوکت ترین کی کارگردگی پر عدم اعتماد کااظہار کیا۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔