Get Alerts

دانیہ شاہ کیخلاف عامر لیاقت کی برہنہ ویڈیو لیک کرنے کا مقدمہ، ایف آئی اے کو نوٹس جاری

دانیہ شاہ کیخلاف عامر لیاقت کی برہنہ ویڈیو لیک کرنے کا مقدمہ، ایف آئی اے کو نوٹس جاری
کراچی کی مقامی عدالت نے سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کیخلاف مقدمے میں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم ونگ کے سربراہ ودیگر کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

تفصیل کے مطابق سیشن کورٹ میں عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ پر کارروائی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کراچی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی کی عدالت میں سماجی تنظیم کی جانب سے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ معمولی تنازعہ پر اپنے شوہر کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کی سزا دانیہ کو ملنی چاہیے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کہ دانیہ نے پوری دنیا میں پاکستان کی عورتوں کی عزت مجروح کی ہے، دانیہ کی حرکت کی وجہ سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے۔

ایڈووکیٹ عامر جمیل ورک نے عدالت میں کہا تھا کہ دانیہ نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں، ایف آئی اے سائبر کرائم دانیہ کے خلاف کارروائی کرے۔

درخواست میں ایف آئی اے سائبر کرائم اور دانیہ شاہ کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔