وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی اور تقرری ہمیشہ میرٹ پر ہونی چاہیے۔ یہ جو بنا ہوا ہے کہ سینئر ہی اوپر آئے گا، بالکل ٹھیک نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ انتہائی اہم بیان پمز اسپتال کے نئے ایمرجنسی وارڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں دیا۔ خیال رہے کہ کامران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ خبریں زیر گردش ہیں کہ وزیراعظم عمران خان مارچ یا اپریل میں نئے آرمی چیف کی تقرری کا اعلان کر دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری پی ٹی آئی کی گورنمنٹ پاکستان کی وہ پہلی حکومت ہے، جس نے معیشت، صحت اور تعلیم پر بے مثال کام کیا۔ 1985 کے بعد پہلی مرتبہ اسلام آباد میں نئے اسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے تو سرکاری ادارے بھی معیاری خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔ جتنا میرٹ پر لوگوں کو رکھیں گے، اتنا معیار بلند ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تقرری اور ترقی میرٹ پر ہونی چاہیے۔ اگر سینئر اچھا چیف ایگزیکٹو نہیں بن سکتا تو جو بہترین ہے اسے اوپر لے کر آنا چاہیے۔ یہ جو بنا ہوا ہے کہ سینیئر ہی اوپر آئے گا ٹھیک نہیں ہے۔