Get Alerts

بنی گالہ کی سڑک کی لاگت صرف 30 لاکھ روپے تھی جو عمران خان نے ادا کئے، ذرائع سی ڈی اے

بنی گالہ کی سڑک کی لاگت صرف 30 لاکھ روپے تھی جو عمران خان نے ادا کئے، ذرائع سی ڈی اے
سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے توشہ خانہ کے تحائف بیچ کر کروڑوں کی رقم سے بنی گالہ کی سڑک بنوائی تاہم سی ڈی اے ذرائع کے مطابق انصاف چوک تا بنی گالہ جانے والی سڑک کی لاگت کروڑوں نہیں بلکہ صرف 30 لاکھ روپے تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے توشہ خانہ کے کروڑوں کے تحائف بیچ کر انہوں نے ان پیسوں سے بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور گھرکے اطراف باڑ لگوائی۔ تاہم سی ڈی اے ذرائع کے مطابق بنی گالہ جانے والی سڑک کی لاگت صرف 30 لاکھ روپے آئی جو عمران خان نے ادا کئے تھے۔

7 مارچ 2019 کو انڈیپینڈنٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی ذرائع نے انہیں بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے انصاف چوک تا بنی گالہ جانے والی سڑک کے اخراجات اپنے جیب سے ادا کئے جس کی لاگت صرف 30 لاکھ روپے تھی۔ یہ سڑک سی ڈی اے (کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) نے بنوائی تھی۔ اس مد میں سابق وزیراعظم عمران خان نے 30 لاکھ روپے کا چیک سی ڈی کو ارسال کیا تھا۔



خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے جن میں قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔

اس پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف خریدنے کے بعد ان کی مرضی ہے وہ جیسے مرضی استعمال کریں،تحائف بیچ کر پیسوں سے بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور گھرکے اطراف باڑ لگوائی۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف 50 فیصد ادائیگی کرکے لیے، انہیں بہت سے تحائف بنی گالہ رہائشگاہ پر ملے جو انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کرائے،ساڑھے 3 سال میں ان کے خلاف کچھ نہیں ملا تو توشہ خانہ نکال لائے۔