برطانوی سکرین رائٹراور پروڈیوسر جمائما گولڈ سمتھ نے کہا ہے کہ ان کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ ان کا پاکستان کے لیے محبت کا خط ہے، وہ ملک جہاں وہ دس سال تک رہیں، بڑی ہوئیں اور جس کے ساتھ انہوں نے اب تک مضبوط روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
جیو اور دی نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں جمائما گولڈ سمتھ نے پاکستان کے بارے میں جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں نیت پر بھروسہ کرنا سیکھا اور یہ ان کی زندگی کی وضاحت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مدد بھی کرتا ہے۔ جمائمہ نے بتایا کہ ان کے فاطمہ بھٹو (بے نظیر بھٹو کی بھتیجی اور مرحوم میر مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی) کی مدد سے پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے منصوبے ہیں۔
انہوں نے اس انٹرویو کے دوران طے شدہ شادیوں پران کے برطانوی پاکستانی بیٹوں کا ردعمل، عمران خان سے شادی کے دوران زمان پارک میں ان کی زندگی، پاکستانی معاشرے اور ثقافت کے بارے میں ان کا تجربہ، سجل علی اور راحت فتح علی خان کی موسیقی، اور پاکستان کے لیے کی ان کی محبت کے بارے میں گفتگو کی۔
جمائما گولڈ سمتھ نے اپنی فلم کے بارے میں گفگتو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے لیے ایک چیلنج رکھا تھا کہ وہ ایک ایسی فلم لکھیں گی جس میں پاکستان کا جشن منایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پاکستان کے برعکس جو وہ اکثر مغربی سکرینوں پر دیکھتے ہیں، وہ رنگین، خوبصورت، خوش کن پاکستان دکھانا چاہتیں تھیں جس کے بارے میں ان کو اس وقت معلوم ہوا جب وہ پاکستان میں تھی۔
جمائمہ نے کہا کہ 'زیرو ڈارک تھرٹی' اور 'ہوم لینڈ' جیسی فلموں میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کی منفی تصویر دکھائی گئی ہے اور پاکستان کو واقعی ایک خوفناک، تاریک جگہ کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔ اس لیے ان کی کوشش تھی کہ وہ ایک ایسی فلم بنائیں جس میں وہ مسلمانوں اوربلخصوص پاکستان کا مثبت اور رنگین پہلواجاگر کرسکیں۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ 'واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ' پاکستان میں رہتے ہوئے ان کی اپنی حقیقی زندگی کے واقعات سے متاثر ہے، لیکن انہوں نے زور دیا کہ یہ فلم اور اس کی کہانی ری میک نہیں ہے۔
انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ وہ پاکستانی مداحین کے پیار اور ٹوئٹر پر ان کی طرف سے کی جانے والی درخواست کہ وہ پاکستان واپس آ جائیں اور پھر سے شادی کرلیں، وہ اس کے بارے میں کیا سوچتی ہیں، جس کے جواب میں جمائمہ نے کہا کہ’’پاکستان زندہ باد‘‘۔
یاد رہے کہ جمائمہ کی یہ فلم یوکے کے سینماؤں میں 24 فروری کو ریلیز ہوگی۔ جمائمہ اس فلم کو پاکستان میں بھی ریلیز کرنے کا ارداہ رکھتی ہیں۔