Get Alerts

اہم عسکری عہدوں پر تعیناتی، وزیراعظم شہباز شریف نے معمول کی سرگرمیاں منسوخ کر دیں

اہم عسکری عہدوں پر تعیناتی، وزیراعظم شہباز شریف نے معمول کی سرگرمیاں منسوخ کر دیں
اہم عسکری عہدوں پر تعیناتی کے لئے وزارت دفاع کی جانب سےسمری موصول ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف  نے معمول کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔ مشاورت کے لئے اتحادیوں کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا۔

اہم عسکری عہدوں پر تعیناتی کے لیے جی ایچ کیو سے سمری موصول ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی معمول کی تمام سرگرمیاں منسوخ کردیں ۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف نے وزیردفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی جس میں پاک فوج کے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کےلئے بھجوائے گئے ناموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر دفاع نے پینل میں شامل افسران  کی پروفائل پر وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی معمول کی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں اور تقرریوں کے معاملے پر وزیراعظم آج اتحادی جماعتوں سے حتمی مشاورت کریں گے۔ یہ بھی امکان ہے کہ آج ہی سمری کو منظوری کے لئے صدر مملکت کے پاس بھیجا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورت کے لئے  آج شام 6 بجے  اتحادی جماعتوں کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم پارلیمانی رہنماوں کو اہم تقرریوں سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق آج ہونے والے اہم اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر مشاورت ہو گی۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے لانگ مارچ سمیت اہم سیاسی امور پر بھی مشاورت ہوگی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تصدیق کی تھی کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا  کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے، سمری میں چیئرمن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے عہدوں کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔