صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ فواد چوہدری لائیو شو میں بیٹھ کر شراب پیتے ہیں۔
نیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو اتنا بھی نہیں پتہ کہ میڈیا کے سامنے جب بیٹھنا ہے تو کس طرح بات کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آدھی دنیا شراب پیتی ہے، اگر ہم مسلمان معاشرے کی بات بھی نہ کریں تو غیر ملکی میڈیا میں بھی بیٹھنے کے کچھ آداب ہوتے ہیں۔
فیاض الحسن نے کہا کہ فواد چوہدری کبھی علمائے دین کے خلاف بولنا شروع کر دیتے ہیں تو کبھی پارٹی کے خلاف، مجھے 7 مرتبہ پارٹی سے نکالا گیا، لیکن ہمیشہ میں نے پارٹی کے دفاع کی جنگ لڑی ہے۔
بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ جب آپ پارٹی قیادت کی عزت کرتے ہیں تو آپ کو اپنا من مارنا پڑتا ہے، اس طرح کے بیانات دے کر پارٹی سے وفاداری کی مثال نہیں دی جا سکتی۔
خیال رہے کہ صوبائی وزیراطلاعات کی جانب سے یہ بیان گذشتہ روز فواد چوہدری کے مںظر عام پر آنے والے انٹرویو کے بعد دیا گیا ہے۔
گذشتہ روز منظرعام پر آنے والے انٹرویو میں فواد چوہدری نے انکشاف کیا تھا کہ اسد عمر، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی لڑائیوں سے الیکٹڈ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے جہانگیر ترین نے اسد عمر کو وزارت سے ہٹوایا، بعد میں اسد عمر نے واپس آکر جہانگیر ترین کو ہی فارغ کروا دیا، اسی طرح شاہ محمود قریشی کی دیگر سیاسی ورکرز کے ساتھ ہونے والی مخالفت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
وفاقی وزیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان کی ٹیم ہل کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ان لوگوں کو موقع مل گیا ہے جو کسی خاص ایجنڈے پر آئے تھے، الیکشن سے قبل عمران خان کے ساتھ نتھیا گلی میں بہت زیادہ وقت گزارا ہے جس کے بعد محسوس کیا تھا کہ وہ اس سسٹم کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس سسٹم کو تبدیل کرنے کے لیے ٹیم تیار کی تھی، لیکن آپس میں لڑائیوں کی وجہ سے وہ ٹیم تقسیم ہو گئی اور عمران خان کا مقصد درمیان میں رہ گیا۔