Get Alerts

پی ایس ایل6: حیدر علی اور عمید آصف کو بائیو سکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا

پی ایس ایل6: حیدر علی اور عمید آصف کو بائیو سکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل سے قبل پشاور زلمی کو بڑا جھٹکا لگا ہے اور پی سی بی نے بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر دو کھلاڑیوں کو معطل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 6 کے لئے بنائے گئے بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کر دیا گیا۔

پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف کو آج پاکسان سپر لیگ کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے، دونوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے۔

واقعے کے بعد دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملے اور اب یہ دونوں کرکٹرز روم آئسولیشن میں جاچکے ہیں۔ علاوہ ازیں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہوگئے۔

چیف سیلکٹر محمد وسیم نے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل کر لیا۔ صہیب مقصود اب دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں حید علی کی جگہ قومی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

صہیب مقصود پاکستان سپر لیگ 6 کے 11 میچز میں اب تک 363 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 40.33 اور سٹرائیک 153 کے قریب رہا۔