نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم سے ملاقات

نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم سے ملاقات
صدر عارف علوی کی جانب سے  آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر دستخط ہونے کے کچھ لمحوں بعد ہی نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر   وزیراعظم ہاوس  پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا۔

نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر  وزیراعظم  شہباز شریف سے ملاقات کے لئے ان وزیراعظم ہاوس پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد  کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔  وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد  کو عہدہ ملنے کی مبارکباد دی۔

دونوں افسران سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ کی سربراہی میں مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش چیلینجز سے احسن انداز میں نمٹیں گی اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی

اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد اور نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صدرمملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے  دونوں کو مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف تقرریوں کی سمری پر دستخط کئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے ناموں کا فیصلہ کرنے کے بعد سمری ایوان صدر بھیجی گئی۔

خیال رہے کہ سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دراصل 2019 میں ریٹائر ہونا تھا تاہم ان کی ریٹائرمنٹ سے تین ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2019 میں ان کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی تھی۔ ان کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔