Get Alerts

’میرے ایک کروڑ جبکہ عام ملازمین کے ہزاروں روپے کھا گئے‘؛ سلمیٰ ظفر کے اداکار سعود اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات

’میرے ایک کروڑ جبکہ عام ملازمین کے ہزاروں روپے کھا گئے‘؛ سلمیٰ ظفر کے اداکار سعود اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات
سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اداکار سعود اور ان کی اہلیہ اداکارہ جویریہ سعود پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان کے ایک کروڑ جب کہ عام ملازمین کے بھی ہزاروں روپے کھا گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سلمیٰ ظفر کی ویڈیو میں انہیں سعود اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اداکارہ کے مطابق سعود اور ان کی اہلیہ کی جانب سے بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس میں اداکاروں اور ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے جب کہ ملازمین کو تنخواہیں تک نہیں دی جاتیں۔

سلمیٰ ظفر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعود اور جویریہ کے ساتھ کئی سال تک کام کیا مگر انہیں پیسے ادا نہیں کیے اور ان کے دونوں میاں بیوی کے اوپر ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

سینیئر اداکارہ نے سعود اور جویریہ پر پروڈکشن ہاؤس کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے کے الزامات بھی عائد کیے اور بتایا کہ وہ ملازمین کو کھانا بھی احسان کے طور پر کھلاتے تھے۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ جویریہ اور سعود نے ماہانہ 7 ہزار روپے کی تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کیں جب کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو 10 دن کے کام کے بدلے 4 دن کے پیسے دیے۔

ویڈیو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کی کرپشن اور ان کی جانب سے ملازمین کے پیسے کھائے جانے کے شواہد موجود نہیں، تاہم وہ سچ بول رہی ہیں۔

سعود کے حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے ان پر خواتین کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ خواتین کی جانب سے پیسے مانگے جانے پر سعود انہیں انتہائی فحش گالیاں دیتے تھے اور یہ کہ وہ عورتوں کی کمائی پر چلنے والا مرد ہے۔

سلمیٰ ظفر نے جویریہ سعود پر بھی کئی الزامات لگائے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ حال ہی میں جب جویریہ عمرہ کرنے گئیں تو انہوں نے ان کی پوسٹ پر بقایاجات کی ادائیگی کا کمنٹ کیا تو اداکارہ نے انہیں بلاک کردیا۔

سلمیٰ ظفر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کے کئی راز ہیں جن پر اب بھی وہ پردہ ڈال رہی ہیں اور وہ ان رازوں کو ابھی سامنے نہیں لا رہیں۔

سلمیٰ ظفر نے ویڈیو میں سعود کو خبردار کیا کہ اگرچہ ان کے پاس ثبوت نہیں، تاہم وہ اپنا حق قانونی اور جسمانی طریقے سے لینا جانتی ہیں اور وہ ایمان کی طاقت کے ساتھ اپنا حق لے کر رہیں گی۔ غریب ملازمین اور اداکاروں کے پیسے کھانے پر انہیں بد دعائیں لگیں گی۔

اداکارہ سلمی ظفر کے ایک کروڑ روپے نہ دینے کے الزام پر جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ سلمی ظفرکو پہلے مہینے ہی ہمارے ساتھ کام چھوڑ دینا چاہیے تھا اگر ہم انہیں پیسے نہیں دے رہے تھے، انہوں نے ہمارے ساتھ 7 سال کام کیا۔ ہم نے ان کے پیسوں کی ادائیگی پہلے ہی کردی تھی اور یہ کس حساب کی بات کر رہی ہیں یہ ہمیں نہیں معلوم۔

جویریہ نے کہا سلمی ظفرنے کچھ ماہ پہلے مجھ سے ایک کاروبارمیں شراکت داری کے متعلق کہا تھا جس میں مجھے کوئی دلچسپی نہیں تھی، ان کے بہت اصرار پر جب میں نے منع کیا تو اب یہ ویڈیو سامنے آگئی۔

جویریہ نے کہا کہ جب انسان بولتا ہے تو اس کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے لیکن میں ان کو کوئی جواب نہیں دوں گی کیونکہ میری تربیت ایسی ہوئی ہی نہیں کہ کسی پر الزام لگاﺅں یا بدتمیزی کروں اورجن لڑکوں کی وہ بات کر رہی ہیں وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں، ایک سال سے ہم کام نہیں کررہے نہ ہی کوئی ڈرامہ بنایا ہے لیکن ہم انہیں پیسے دے رہے ہیں اور خیال بھی رکھ رہے ہیں۔

Salma Zafar calls out Javeria and Saud for bad treatment of employees and non-payment for work done.

This is very common in our showbiz industry that actors and staff are not getting paid for the work they do or payment is delayed for long time. It needs to stop!

Posted by Showbiz Pakistan on Thursday, July 23, 2020