معروف قانون دان اور سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے احتساب مقرر کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے عرفان قادرکی تعیناتی کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق ان کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہوگا۔
معروف قانون دان عرفان قادر اٹارنی جنرل پاکستان بھی رہ چکے ہیں۔ بدعنوانی کے خلاف اپنی سخت وکالت کی وجہ سےعرفان قادر اپنی حالیہ تقرری کے بعد احتساب سے متعلق معاملات کی نگرانی کریں گے۔
ماضی میں قادر قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر جنرل، اٹارنی جنرل آف پاکستان، اور لاہور ہائی کورٹ کے جج کے عہدوں پر فائز رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمات میں عرفان قادر کا قانونی مشورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اور اس وقت ان کی تقرری کو عمران خان کے خلاف نیب اور احتساب عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی روشنی میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی عرفان قادر کو بھی معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے دو ماہ قبل مارچ میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج اور اٹارنی جنرل سمیت مختلف قانونی عہدوں پر فرائض سرانجام دینے والے سینئر قانون دان عرفان قادر کو خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیوں کے انتخابات کے مقدمے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے فل بینچ کے ایک رکن نے روسٹرم پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے فوری طور پر منظور کر لیا گیا تھا۔