کچہ آپریشن کا 18 واں روز، سکھانی گینگ کا سرگرم رکن ہلاک

کچہ آپریشن کا 18 واں روز، سکھانی گینگ کا سرگرم رکن ہلاک
کچے کے علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن 18 ویں روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کے دوران سکھانی گینگ کا سرگرم رکن اسحاق جھوبرہ سکھانی ہلاک ہو گیا۔

گرینڈ پولیس آپریشن کی مزید تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ خطرناک مجرمان و عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے پولیس کے گرینڈ آپریشن کا 18 ویں روز بھی پولیس کے دستوں کی کچہ کے اندرونی علاقوں میں اے پی سیز کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے۔ دریائی علاقوں میں داخلے کے لیے کشتیوں کا استعمال بھی کیا گیا۔

ڈاکو، عسکریت پسند، خطرناک مجرمان و شدت پسند کمین گاہیں اور ٹھکانے چھوڑ کر علاقہ سے بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران قابل سکھانی گینگ کے سرگرم رکن اسحاق جھوبرہ سکھانی کا کٹانی کے علاقے میں خفیہ ٹھکانہ نذر آتش کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اسحاق جھوبرہ سکھانی ہلاک ہو گیا جو اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ بڑی تعداد میں بھاری اسلحہ، گولی، بارود برآمد، ہزاروں ایکڑ اراضی اور نو گو ایریا سمجھا جانے والا ایریا کلیئر کروا لیا گیا۔ پولیس نے کچہ کے اندرونی علاقوں میں کیمپس قائم کرکے ریاست و قانون کی رٹ بحال کر دی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ مجرمان سے کلیئر کروائے گئے رقبہ پر جرائم پیشہ عناصر کے خفیہ ٹھکانوں،کمین گاہوں کو مسمار اور نظر آتش کر دیا گیا۔

کچی لنڈ میں کارروائی کے دوران دلانی اور عمرانی گینگز کے 8 ڈاکوؤں گرفتار کر لیے۔ گرینڈ آپریشن میں اب تک 3 ڈاکو ہلاک اور 28 سے زائد ڈاکو گرفتار ہوچکے ہیں۔کچی لنڈ سے دلانی اور عمرانی گینگ کے ڈاکوؤں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزاحمت کو کچل کر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ڈاکوؤں کے قبضہ سے متعدد کلاشنکوف، رائفلیں، رپیٹر اور سینکڑوں گولیاں اور کارتوس برآمد ہوئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق  کچہ آپریشن کریمینلز کے علاقہ سے مستقل انخلاء یا گرفتاری کے ساتھ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔ پولیس فورس کا کچہ کریمینلز کے خلاف گھیرا تنگ، پولیس کے جانبازروں کا مورال بلند اور عزم پختہ ہے۔

کچے کے اغواء کاروں اور ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانے تباہ کرکے ریاست اور قانون کی حکمرانی قائم کرتے ہوئے پولیس کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید آپریشن کی نگرانی جبکہ ڈی پی او رضوان عمر گوندل پولیس فورس کی کمانڈ  کر رہے ہیں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔