شہباز شریف بھائی اور پارٹی کے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیر اعظم ہوتے: مریم نواز

شہباز شریف بھائی اور پارٹی کے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیر اعظم ہوتے: مریم نواز
مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اپنے بھائی اور پارٹی کے ساتھ بہت وفادار ہیں اور اگر وہ وفادار نہ ہوتے تو اس نالائق کو وزیر اعظم بنانے کی ضرورت نہ پڑتی، وہ وزیر اعظم ہوتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج بی بی شہید کی برسی کے موقع پر ان کے پاس جا رہی ہوں، ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد تھی اور انہوں نے اس ملک کے لیے بہادری سے جان دی، تو یہ میرے لیے فخر کا مقام ہے کہ مجھے ان کی برسی میں شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ میاں صاحب اور بی بی شہید نے اس ملک کو جو میثاق جمہوریت دیا تھا اس کے بعد پاکستان کی تاریخ تبدیل ہو گئی، یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک انتہائی اہم سنگ میل تھا، میں، بلاول اور تمام سیاسی جماعتیں اس کو لے کر آگے بڑھیں گے اور مضبوط بنائیں گے۔