Get Alerts

'جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے عمران خان کا بنی گالا گھر لیگل کروایا تاکہ وہ صادق، امین کہلا سکیں'

'جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے عمران خان کا بنی گالا گھر لیگل کروایا تاکہ وہ صادق، امین کہلا سکیں'
وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے اگر کسی کو کوئی این آر او دیا ہے تو وہ عمران خان ہیں۔

ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے سابق چیف جسٹس کو کہا کہ عمران خان کے بنی گالہ والا گھر لیگل کرنا ہے تا کہ عمران خان کو صادق اور امین ثابت کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس بات کے سارے ثبوت اور شواہد بھی موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین بھی اس ڈیل کا شکار ہوئے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان پہلے تو جہانگیر ترین کی نااہلی پر راضی نہیں تھے لیکن پھر اچانک انہوں نے 'اوکے' کردیا کہ یہ 'بیلنسنگ ایکٹ' ہو گا۔

عمران خان اپنی حکومت کے جانے کے بعد جنرل(ر) باجوہ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ جنرل(ر) باجوہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان کی ان پر تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔ مگر اب دوسری طرف کا مؤقف بھی سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ عمران خان کے محسن ہیں۔ صدر عارف علوی بھی کہہ چکے ہیں کہ 2018 کے عام انتخابات میں اور 2018 کے سینٹ کے الیکشن میں جنرل (ر) باجوہ نے عمران خان کی حمایت کی تھی۔