Get Alerts

میشاشفیع جھوٹ بول کر ملالہ نہیں بن سکتیں، علی ظفر

میشاشفیع جھوٹ بول کر ملالہ نہیں بن سکتیں، علی ظفر
لاہور: گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہناہے کہ میشا شفیع نے انہیں ذاتی مفاد کے لیے ٹارگٹ کیا ہے لہٰذا وہ عدالت آئیں اور سامنا کریں۔ میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام پر علی ظفر نے گلوکارہ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ شاید یہ سب کینیڈا کی امیگریشن کیلئے کیا گیا ، کیا میشا شفیع ملالہ کی طرح عالمی پذیرائی چاہتی تھیں۔



علی ظفر نے مزید کہا کہ  میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور میشا کی وکیل جعلی اکاؤنٹس کو فالو اور ری ٹوئٹ کررہی ہیں جس کے خلاف ایف آئی اے کو کیس دیا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ آج سے گواہوں کی جرح شروع ہوگئی ہے تو میشا کے گواہ عدالت آئیں اور عدالت کا سامنا کریں۔


انہوں نے کہا کہ میشا شفیع کا کیس برخاست ہوچکا ہے اور ان کی اپیل مسترد ہوچکی ہے جب کہ مجھے میشا کے خلاف توہین کا کیس دائر کیے ایک سال ہوچکا ہے، ہمارے گواہ بھی آٹھ بار آچکے ہیں لہٰذا کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ میرا سچ اور ان کا جھوٹ سامنے آئے۔

بعدازاں علی ظفر نے  حوالے سے ٹوئٹر پر  لکھا کہ ملالہ ایک حقیقی جنگجو ہے جو قربانیاں دے کرانصاف اور سچائی کیلئے کھڑی ہے، میشا شفیع جھوٹ بول کراور جعلی اکاؤنٹس کا سہارا لے کر ملالہ نہیں بن سکتیں۔



واضح رہے کہ گزشتہ برس میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں کئی بار ہراساں کیا ہے جس کے جواب میں علی ظفر نے میشا شفیع پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایاتھا۔