وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی سابق صدر آصف زرداری سے نجم سیٹھی کی سفارش کی تردید

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی سابق صدر آصف زرداری سے نجم سیٹھی کی سفارش کی تردید
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے نجم سیٹھی کی سفارش کی تردید کر دی۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے نجم سیٹھی کی کسی قسم کی کوئی سفارش نہیں کی اور نہ ہی ان کی اس حوالے سے  سابق صدر آصف علی زرداری سے  کوئی ملاقات یا ٹیلیفونک رابط ہوا ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے واضح کیا کہ نگران وزیر اعلیٰ  سید محسن نقوی چیرمین پی سی بی کے لئے کسی کی سفارش نہیں کررہے کیونکہ پی سی بی چیئرمین کی تقرری وزیراعظم اور وفاقی حکومت کی صوابدید ہے پنجاب حکومت پی سی بی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا بے بنیاد کہانیاں چلانے سے پرہیز کرے۔

واضح رہے کہ 23 جون کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور  پی سی بی کے متوقع چیئرمین ذکا اشرف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے پارٹی رہنماؤں کے کاموں سے متعلقہ تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ بلا تفریق سب کو سہولتیں دی جائیں گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے پی سی بی کے متوقع چیئرمین ذکا اشرف نے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ ذکا اشرف نے آصف علی زرداری کو پی سی بی سے متعلقہ بریفنگ دی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔