Get Alerts

الیکشن ٹائم پر ہوں تو شاید عمران خان کے سہولت کارکسی ادارے میں نہیں ہونگے: بلاول بھٹو

الیکشن ٹائم پر ہوں تو شاید عمران خان کے سہولت کارکسی ادارے میں نہیں ہونگے: بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ ایک ادارے سے تو عمران خان کے سہولت کار ہٹ گئے ہیں مگرابھی شاید دوسرے ادارے میں بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن ٹائم پر ہوں گے تو شاید عمران خان کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں نہیں ہوں گے۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ جب تک ان کے سہولت کار اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے ہیں تو الیکشن ہو جائیں اس لیے فوری الیکشن کی ضد کے پيچھے یہی بات چھپی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ عمران کا الیکشن کا بیانیہ یہ ہےکہ فوج ان کی مدد کرےاورسارے ادارے ان کی ٹائیگر فورس بن کر کام کریں، وہ چاہتے ہیں کہ آئین توڑ کر زبردستی ان کو پھر سے وزیراعظم بنایا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مستقبل کچھ نہیں ہے، وہ اب ماضی کا حصہ بن گئے ہیں، جیسے مشرف اب ماضی کا حصہ ہیں ویسے ہی عمران خان اور ان کے ساتھی ماضی کا حصہ بن جائیں گے۔

بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق پارلیمنٹ مدت پوری کرتی ہے،2007 تک پارلیمنٹ اپنی مدت پوری نہیں کرپاتی تھی، ہم نے پارلیمنٹ کی دو مدتیں پوری کی ہیں، اب بھی وزیراعظم تبدیل ہونے کے باوجود پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرےگی، پولیٹیکل سائنٹسٹس کےمطابق پارلیمنٹ کی 3 مدتیں لگاتار پوری ہونا جمہوریت کی فتح ہے، اس سے آمریت کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجاتا ہے۔