سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے قریب سمجھے جانے والے ن لیگی رہنما ملک احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے بنی گالہ میں گھر کیلئے این آر او دلوانے میں جنرل باجوہ ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر اثر انداز ہوئے اور اسی کیس میں عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا گیا تھا۔
سابق آرمی کے قریب سمجھے جانے والے لیگی رہنما ملک احمد خان کا دعویٰ سابق چیف جسٹس نے مسترد کردیا ہے۔
جبکہ ایڈیٹرانویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق ثاقب نثار کا کہنا ہےکہ سابق آرمی چیف ان پر کبھی بھی اثر انداز نہیں ہوئے۔
دوسری جانب جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے قریبی ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف نے کبھی چیف جسٹس یا عدلیہ سے اس کیس میں رابطہ نہیں کیا۔
ان ہی ذرائع نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان کو نااہلی سے بچانے کیلئے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ نے کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب ملک احمد خان نے کہا کہ کب اور کس طرح یہ کام کیا گیا ، کون سے کردار ملوث تھے اور کس کس نے کس کو پیغامات بھیجے ان کے پاس تمام شواہد موجود ہیں۔