معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل ایپلی کیشن گوگل میپس کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد اپنی منزل تک پہنچنے یا راستے میں ٹریفک کی روانی جاننے کے لیے استعمال کرتے ہیں. گوگل میپس میں صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل کی مقبول سروس میپس میں حالیہ مہینوں میں متعدد بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس فیچرز پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔
اب ایک اور نیا اے آئی فیچر گوگل میپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے، یہ سکرین ریڈر نامی فیچر سب سے پہلے گوگل میپس میں 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
مذکورہ فیچر کے ذریعے صارفین فون کے کیمرے کو استعمال کر کے اپنے اردگرد کے ماحول کو سکین کر سکتے ہیں تاہم اب اس فیچر کو مزید بہتر بناتے ہوئے اس میں آڈیو سپورٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
نیا فیچر ان افراد کے لیے کارآمد ثابت ہو گا جن کی بینائی خراب ہوتی ہے یا وہ کسی ایسی نامعلوم جگہ پر موجود ہوں جہاں کی زبان سے وہ ناواقف ہوں۔
کمپنی کے مطابق جب آپ فون کیمرے کا رخ کسی مخصوص مقام یا دکان کی جانب کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے متعلقہ تفصیلات آڈیو کے ذریعے بتائی جائیں گی۔
اس کے لیے گوگل میپس سرچ بار میں کیمرا آئیکون پر کلک کرکے اردگرد کے ماحول کو سکین کرنا ہو گا اور ایسا کرنے سے پہلے ٹاک بیک سکرین ریڈر فیچر ان ایبل کرنا ضروری ہواگا جو سمارٹ فون کی سیٹنگز میں Accessibility مینیو میں موجود ہو گا۔