ایف آئی اے کی جانب سے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے تمام بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف منی لانڈنگ الزام میں ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں بینکوں کو ٹک ٹاکر حريم شاہ کے بینک اکاونٹس فریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ حریم شاہ کا ایک بینک اکاونٹ لاہور جبکہ دوسرا بینک اکاونٹ کراچی میں موجود ہے، ایف آئی اے نے متعلقہ بینکس سے رابطہ کر کے دونوں بینک اکاونٹس منجمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے برطانوی حکام کو خط بھی لکھدیا تھا۔
حریم شاہ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے لکھے گئے خط میں حریم شاہ کی سفری اور شناختی تفصیلات بھی فراہم کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ حریم شاہ کی رقم کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو مبینہ طور پر برطانیہ میں بنائی گئی۔ حریم شاہ کی جانب سے دھوکا دہی کے ذریعے رقم اسمگل کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ حریم شاہ کراچی سے دوحا اور وہاں سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچی تھیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دوسری ویڈیو میں حریم شاہ نے سارے معاملے کو مذاق قرار دیا۔
حریم شاہ کی تردیدی ویڈیو لندن میں اسکائی مارکیٹنگ کے دفتر میں ریکارڈ کی گئی۔اس ویڈیو میں دانیال ملک نامی شخص رقم کو قانونی قرار دیا ہے۔خط میں دونوں ویڈیوز کے تناظر میں حریم شاہ اور دانیال ملک کے خلاف انکوائری کی سفارش کی گئی۔ خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبریں میڈیا پر چلنے کے فوری بعد حریم شاہ نے اس حوالے سے ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے ڈیلیٹ کردی تھیں۔
حریم شاہ نے برطانیہ میں ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری ایک ویڈیو سے یہ سب ہوجائے گا۔ ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ انسان ہر غلطی سے کچھ نہ کچھ سیکھتا ہے اور میں اپنی غلطی تسلیم بھی کررہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں برطانیہ میں دانیال نامی بزنس مین کے آفس گئی تھی، وہاں اتنی زیادہ رقم دیکھ کر میں نے ان سے ویڈیو بنانے کی اجازت لی اور مذاق میں یہ ویڈیو بناکر شیئر کردی۔
حریم شاہ نے کہا کہ وہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور میرے خلاف استعمال کی گئی جبکہ مجھے اس وقت تک منی لانڈرنگ کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں تھا کیونکہ میں نے ساری زندگی حلال کمایا ہے اور جس بھائی کی یہ رقم تھی وہ لیگل بزنس ہی کرتے ہیں۔ ٹک ٹاک اسٹار نے مزید کہا کہ مجھے دانیال بھائی نے بتایا کہ پاکستان سے صرف مخصوص رقم ہی بیرون ملک لیکر جاسکتے ہیں تو مجھے جب یہ معلوم ہوا تو میں نے مذاق میں ویڈیو بنائی کہ میں تو اتنی بھاری رقم برطانیہ لے آئی ہوں۔