Get Alerts

ملزم نے اعتراف کیا کہ زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن

ملزم نے اعتراف کیا کہ زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن
سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ فائرنگ میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پیشہ ور شوٹر محسن عرف لمبا کو گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کی گھتی سلجھ گئی، سی آئی اے  نے ماڈل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ملزم محسن عرف لمبا کو گرفتار کیا۔

ملزم محسن نے اعتراف کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زبیرخان نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کی۔ ملزم نے مزید کہا کہ زبیرخان نیازی نے اپنا ایک بندہ نشاندہی کےلیے ساتھ بھجوایا جس نے لطیف کھوسہ کا گھر دکھایا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزم کو حملے کے لئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے۔ ملزم ایک لاکھ روپے ایڈوانس وصول کر چکا تھا۔ یہ ایک سیاسی جماعت کا کارکن ہے۔



کامران عادل کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا زبیر نیازی سے تعلق قائم ہوا تھا۔ اس نے اعتراز احسن کے گھر پر بھی فائرنگ کا منصوبہ بنایا تھا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ لطیفہ کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کا مقصد ملزم اور فائرنگ کروانے والے وکلاء اور حکومت میں تصادم یاتعلق کشیدہ کروانا چاہتے تھے۔

‏ملزم سنگین جرائم، اقدام قتل، بھتہ خوری، رابری اور لوگوں کے گھروں پر فائرنگ کے مقدمات کا سابقہ ریکارڈ یافتہ اور تھانہ ملت پارک کے اقدام قتل کے مقدمہ کا مفرور اشتہاری بھی ہے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1673965895918694402

واضح رہے کہ 16 جون کو لاہور میں سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈرائیور زخمی ہوا۔

نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے گھر کے دروازے اور گیراج پر فائرنگ کی گئی۔ زخمی ہونے والے ڈرائیور کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی نیاز احمد کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس اے میں درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔

ترجمان کینٹ ڈویژن پولیس کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سینئر قانون دان اعتزاز احسن لطیف کھوسہ کے گھر پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

پولیس کے مطابق لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی فوٹیجز حاصل کرلیں جبکہ کیمروں کے ذریعے ملزمان کی تصاویر بھی حاصل کرلیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مطابق لطیف کھوسہ کے گھر پر حملہ کرنے والے ملزمان کی تعداد چار تھی۔ حملہ کرنے والوں میں دو ملزمان موٹر سائیکل سوار اور دو پیدل تھے۔ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کی ڈی ایچ اے ناکہ سے گزرنے کی تصویر بھی پولیس کو موصول ہوئی۔ ملزمان ایک بج کر 10 منٹ پر غازی روڈ ڈی ایچ اے ناکہ سے گزرے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔