وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وزیراعظم اور وزیر داخلہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وزیراعظم اور وزیر داخلہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا۔

کالام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں کارکنوں کے قتل کی ایف آئی آر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف درج کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا وزیر داخلہ نے میرے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے، حکومت جتنا بھی تشدد کر لے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیڈر عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو عوام زیادہ تعداد میں نکلے گی۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ کالام میں اربوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ علاقے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) محمود خان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاق پر چڑھائی کرکے عہدےکا غیرآئینی استعمال کیا، مسلح پولیس افسران کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے پی کی شرکت وفاق پرحملہ ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے غیرآئینی اقدام پر ان کےخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیاہے، اس سلسلے میں وزارت قانون سےرائے طلب کرلی ہے، وزارت قانون سے حاصل قانونی رائے پرعمل کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تعینات وفاقی سرکاری ملازمین اور پولیس افسران نے پی ٹی آئی کے فتنہ مارچ میں سہولت کاری کی، ان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بعض پولیس افسران مسلح ہوکرپی ٹی آئی فتنہ مارچ میں وفاق پر چڑھائی میں ملوث پائےگئے، ایسے افسران کے خلاف اپنے عہدوں کا خلاف قانون استعمال کرنے پرکارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔