Get Alerts

بھارت میں لوگ کرونا سے مر رہے ہیں تو آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کیا جارہا ہے؟آسٹریلوی کرکٹر نے ایونٹ پر سوالات اٹھا دیے

بھارت میں لوگ کرونا سے مر رہے ہیں تو آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کیا جارہا ہے؟آسٹریلوی کرکٹر نے ایونٹ پر سوالات اٹھا دیے
انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) میں راجسھتان رائلز ٹیم کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی نے کورونا کی بگڑتی صورت حال کے سبب ایونٹ پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

بھارت میں بڑھتی ہوئی کرونا وبا کی وجہ سے لیگ چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے والے اینڈریو ٹائی نے اعتراض کیا ہے کہ بھارت میں کورونا کے مریضوں کو علاج کے لیے ہسپتال نہیں مل رہے تو کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کر رہے ہیں؟ جب ملک میں صحت کا نظام اتنا بڑا مسئلہ تھا تو فرنچائز نے کرکٹ پر اتنے پیسے خرچ کیسے کیے؟

آسٹریلوی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ اگر آئی پی ایل سے لوگوں کے درمیان وبا کا خوف اور پریشانی کم ہورہی ہے تو اسے جاری رکھنا چاہئیے لیکن بھارتی نقطہ نظر سے دیکھیں تو متعلقہ ادارے، فرنچائز، کمپنیاں اور حکومت ایسے وقت میں کرکٹ پر پیسے خرچ کررہی ہے جب یہاں مریضوں کو علاج کے لیے ہسپتال نہیں مل رہے ہیں۔

آسٹریلوی کھلاڑی نے کہا ہر شخص کی اپنی سوچ ہوتی ہے اور میں سب کی سوچ کا احترام کرتا ہوں، انڈین پریمیئر لیگ میں کھلاڑی محفوظ ہیں، لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ وہ کب تک تحفظ میں رہیں گے؟ اینڈریو ٹائی نے بتایا کہ جب وہ آئی پی ایل چھوڑ کر اپنے آبائی شہر لوٹے تو خبریں ملیں یہاں کئی بھارتی کورونا کا شکار ہوئے ہیں جس کے باعث انہیں قرنطینہ کردیا گیا، مجھے ڈر تھا کہ شاید مجھے بھی اپنے شہر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، میں نے سوچا تھا کہ آئی پی ایل کے اختتام پر مجھے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ بھارت میں کرونا کی یلغار نے آئی پی ایل کھلاڑیوں میں بھی خوف پھیلادیا تھا ، متعدد غیر ملکی کرکٹرز انڈین پریمیئر لیگ چھوڑ کر چلے گئے اور ابھی بھی بہت سے  بین الاقوامی کھلاڑی لیگ چھوڑ کر اپنے ملکوں کو واپس جارہے ہیں۔