پاکستانیوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیدیا

پاکستانیوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیدیا
گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے کے مطابق 53 فیصد پاکستانیوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیدیا۔

ملک بھر میں ہونے والے سروے کے مطابق جب سروے کے شرکاء سے یہ سوال پوچھا گیا کہ " آپ کے خیال  میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟ تو 53 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ 23 فیصد نے کہا کہ بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

8 فیصد افراد کا خیال تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، 4 فیصد افراد کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ بدعنوانی ہے۔

4 فیصد افراد کا خیال ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا بحران ہے۔ 2 فیصد کا خیال ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے، ایک فیصد کا خیال ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑا مسئلہ ہے جبکہ 1 ہی فیصد کا خیال ہے کہ ڈینگی وائرس کی وبا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ 2 فیصد نے دیگر مسائل درج کروائے۔