Get Alerts

کیا اردو کم علم لوگوں کی زبان ہے؟

کیا اردو کم علم لوگوں کی زبان ہے؟
برصغیر میں اردو تمام زبانوں میں کم عمر ہے.  زبانوں کی آمیزش سے اردو معرض وجود میں آئی. لیکن جب اس کو ایک علیحدہ مستند زبان کے طور پر جانا جانے لگا تو اس کو بڑے بڑے نامور ادیبوں اور شاعروں نے اپنی قلمکاری کے لیے استعمال کیا. اردو زبان کے دانشوروں میں ہندو سکھ مسلمان، سب پائے جاتے ہیں لیکن مسلمانوں کا اس زبان پر تسلط قائم ہو گیا اور جس طرح سبز رنگ کو مسلمانوں سے بطور خاص منسوب کیا جانے لگا اسی طرح اردو کو بھی ایک خاص زاویہ نگاہ سے دیکھا جانے لگا.  متحدہ ہندوستان میں ہندی اردو controversy ہندو مسلم فسادات میں بدلتی رہی.
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے جہاں تحریک پاکستان کو بڑے بڑے لیڈر دیے وہاں بڑے بڑے اردو دان بھی پیدا کیے. اردو واقعی ایک بڑی زبان کا درجہ حاصل کرچکی ہے. بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے کروڑوں اردو بولنے والوں کی بدولت بین الاقوامی زبان بن چکی ہے.


یہ سارا کچھ لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ خان صاحب جہاں ہر چیز کی تہس نہس کیے جا رہے ہیں وہاں اپنے مخالفین کو جاہل اور کم پڑھا لکھا ثابت کرنے کے لیے اس کا اردو دان ہونا ثابت کر رہے ہیں. کتنی بد بختی کی بات ہے ایک ایسا شخص جو ملک کے سب سے بڑے آئینی عہدے پر فائز ہو وہ اردو کو بطور کم درجہ زبان پیش کرے.


فیض احمد فیض کو اردو سے زیادہ انگلش آتی تھی بلکہ کہتے ہیں کہ ان کے انگریز استاد نے ان کو کل نمبروں سے پانچ نمبر زیادہ دیے اور بطور چیف ایڈیٹر پاکستان ٹائمز، ان کے لکھے اداریے لوگ ایک دوسرے کو بطور تحفہ اس طرح دیتے تھے جیسے انگریز آفیسر ہندوستان سے انگلستان جاتے ہوئے کامریڈ comrade کے پرچے بطور تحفہ اپنے دوستوں کے لیے لے کر جاتے تھے. اقبال کو اردو پر فخر ہے اور اردو کو اقبال پر. پروفیسر نکلسن علامہ اقبال کے استاد تھے اور انھوں نے ہی سب سے پہلے علامہ کی شاعری کا انگلش میں ترجمہ کیا تھا.


اردو صرف ایک زبان ہی نہیں بلکہ پاکستان کی حفاظت کی ضامن ہے. جب پاکستان بنا تو اس کی ساری اکائیاں بلحاظ زبان رسم ورواج کلچر، ایک دوسرے سے مختلف تھی. ان میں unifying forces اردو ،مزہب اور قائداعظم کی زات تھی. اس لیے اردو کو وفاق کی علامت کے طور پر دیکھنا چاہیے.

یہ کہنا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اردو ترجمہ نہیں کیا اس لیے تنقید ہو رہی. اس طرح کی پھبتیاں کستے کستے آپ اردو کو ایک ایسی زبان کے طور پر پیش کر رہے ہیں جو کم علم لوگوں کی زبان ہے.

کہیں آپ جان بوجھ کر تو ایسا نہیں کر رہے؟