ایکس ہینڈل پر سقوط ڈھاکہ سے متعلق ' غدار کون' کے عنوان سے ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائمز ونگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کا فیصلہ 26 مئی کو عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان سے متعلق پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر کیا گیا جس میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ سقوط ڈھاکہ سے متعلق اصل غدار شیخ مجیب الرحمان کے بجائے جنرل یحییٰ خان تھے۔ ویڈیو میں موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصویر بھی جنرل یحییٰ خان کے ساتھ دکھائی گئی تھی اور تاثر دیا گیا تھا کہ موجودہ دور میں آرمی چیف جنرل یحییٰ خان جیسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
ایف آئی اے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ ان کا آفیشل ایکس ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے کا سائبر کرائمز ونگ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 4 لوگوں سے پوچھ گچھ کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے ٹیم عمران خان، بیرسٹر گوہر، عمر ایوب خان اور رؤف حسن سے بات کرے گی اور تعین کرے گی کہ مذکورہ ویڈیو بانی پی ٹی آئی نے خود پوسٹ کی تھی یا ان کی اجازت سے کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کس نے بنایا اور کس نے چلایا۔ اگر ایسا اکاؤنٹ ہولڈر کی جانب سے کیا گیا ہے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اگر یہ ویڈیو اکاؤنٹ ہولڈر نے پوسٹ نہیں کی تو انہیں اپنا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی طور پر استعمال ہونے پر بند کرنے کی درخواست دینا ہو گی۔