سروے رپورٹس اور ریحان زیب کا قتل الگ الگ کہانی سناتے ہیں

اس بار رائے دہندگان اپنے انتخاب کو واضح کرنے جا رہے ہیں۔ انتخاب کا جوہر تنوع میں مضمر ہے۔ اگر ریحان زیب کی شخصیت کی صورت میں انتخابات میں تنوع کو نظرانداز کر دیا جائے تو ان انتخابات کے کوئی معنی اور کوئی ساکھ نہیں ہے، سوائے اس کے کہ یہ ایک بے کار مشق ہے۔

سروے رپورٹس اور ریحان زیب کا قتل الگ الگ کہانی سناتے ہیں

باجوڑ کے ایک ٹی وی صحافی صلاح الدین سالارزئی غم سے نڈھال ہیں۔ ان کے دوست ریحان زیب، جو باجوڑ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں کے لیے آزاد امیدوار تھے، کو بدھ کے روز گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

زیب اور سالارزئی ہمارے سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد میں یونیورسٹی اساتذہ کے لئے نئے نام نہیں ہیں۔ زیب نے راولپنڈی کی ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سے زرعی انجینئرنگ اور سالارزئی نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ماس کمیونیکیشن میں ایم ایس کیا۔

زیب ٹرائبل یوتھ فورم کے چیئرمین تھے اور جب تک انہیں قتل نہیں کیا گیا، تب تک وہ اس عہدے پہ رہے۔ سالارزئی آئی آئی یو آئی سے اس تنظیم کے رہنما تھے۔ سالارزئی یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں، 'ہم نے ان گنت شامیں اور راتیں ڈبل روڈ پر بات چیت کر کے گزاریں'۔ ڈبل روڈ اسلام آباد کو راولپنڈی سے ملاتا ہے اور یہاں فوڈ سٹریٹ اور کرکٹ سٹیڈیم کے علاوہ بہت اچھے ہوٹل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیب کی جدوجہد پشتون اور غیر پشتون نوجوانوں میں تفریق نہیں کرتی۔ 'وہ پشتون قوم پرستوں سے مختلف تھے۔ یہی وجہ ہے کہ علاقے کے لوگ اتنے کم وقت میں ان کے پیچھے کھڑے ہو گئے'، سالارزئی یاد کرتے ہیں۔

اس نوجوان امیدوار کے قتل سے نوجوانوں اور تبدیلی کے لئے رائے دہندگان کے انتخاب کا قتل ہوا ہے۔ 'زیب باجوڑ جیسے مشکل علاقے سے بہت مضبوط امیدوار تھے۔ اس علاقے کی آبادی 12 لاکھ ہے اور اس میں قومی اسمبلی کا صرف ایک حلقہ ہے۔ زیب رائے دہندگان کی اولین پسند تھے کیونکہ وہ علاقے کے نوجوانوں کو متحرک کر رہے تھے'۔

سالارزئی کا کہنا ہے، 'جب نامعلوم مسلح افراد نے انہیں گولی مار کر ہلاک کیا تو وہ ایک بازار میں عوامی ریلی کی قیادت کر رہے تھے'۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور اپنی گاڑی میں فرار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ زیب پاکستان تحریک انصاف کے بہت قریب تھے لیکن بدقسمتی سے پارٹی نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا بلکہ پی ٹی آئی نے چارسدہ سے گل ظفر خان کو ٹکٹ دیا۔ بہرحال زیب کی مقبولیت نے پی ٹی آئی کے ووٹروں کو بڑے پیمانے پر تقسیم کیا ہے۔ 2019 سے جب انہوں نے اپنی ڈگری مکمل کی، وہ باجوڑ کے نوجوانوں میں ان کے حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مصروف تھے۔ یہ سخت محنت تھی جس کے نتیجے میں رائے دہندگان میں ان کے لئے انتخاب کی شرح میں اضافہ ہوا۔

باجوڑ میں انہوں نے 'یوتھ آف باجوڑ' کے نام سے ایک تنظیم بنائی تھی۔ زیب کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا اور اس وقت بھی انہوں نے بہت امیر گھرانوں کے امیدواروں کو چیلنج کیا تھا۔

یہی کہانی وزیرستان میں محسن داوڑ پر حملے کی ہے۔ تاہم، داوڑ اس حملے میں بچ گئے۔ تشدد کی کارروائیاں صرف خیبر پختونخوا تک محدود نہیں ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ کے اس پار کے مناظر ایک جیسے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

معروف ٹی وی اینکر افتخار شیرازی، جن کا آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان ہے، ہمیں بتاتے ہیں کہ 'یہ شہر امریکہ میں ایک طرح کی سوئنگ اسٹیٹ جیسا ہے۔ جب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی تو میرے خاندان کی بزرگ خواتین روئی تھیں۔ میں اس وقت بچہ تھا۔ مجھے لگا جیسے کسی رشتہ دار کی موت ہوئی ہے۔ بھٹو بالکل خاندان سے تعلق رکھنے والے شخص کی طرح تھے'، شیرازی جمہوریت کے سیاہ دنوں کا ذکر کرتے ہوئے یاد کرتے ہیں۔

بھٹو نے ڈی آئی خان سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔ شیرازی نے کہا کہ اس وقت فضل کریم کنڈی، علی امین گنڈاپور اور مولانا فضل الرحمان جیسے طاقتور امیدوار اس شہر سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

کنڈی پیپلز پارٹی کی حکومت میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر، گنڈا پور پی ٹی آئی حکومت میں وفاقی وزیر رہے ہیں جبکہ مولانا ہمیشہ سے سیاست میں ایک بڑا نام رہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اب بھی پیپلز پارٹی کے لیے وہی کشش محسوس کرتے ہیں جو وہ بچپن میں کرتے تھے تو انہوں نے کہا کہ ہاں۔ لیکن اگر مجھے اور میرے خاندان کو ووٹ دینا پڑا تو ہم پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔ بدقسمتی سے ہم ڈی آئی خان واپس جانے کے لیے وقت نہیں نکال سکیں گے کیونکہ میں پولنگ کے دن ٹی وی پر میراتھن الیکشن ٹرانسمیشن میں مصروف رہوں گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ایسا کیوں ہے تو ان کا کہنا تھا کہ 'بہت سے لوگوں نے عمران خان کو ڈی آئی خان کے قریب دریائے سندھ کے کنارے شکار کرتے دیکھا ہے۔ دوسروں کو ان کا کرکٹ کا انداز پسند ہے۔ اکثریت کا خیال ہے کہ انہوں نے نظام کی بیماریوں کی تشخیص کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ووٹر پی ٹی آئی کو ووٹ دیتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے اس پار عمران خان کی والدہ کا برکی قبیلہ آباد ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو چھپ کر رہنا پڑا جس سے ان کی انتخابی مہم متاثر ہوئی۔

ڈی آئی خان میں عوامی اجتماع کی کوریج کرنے والے ایک ٹی وی صحافی دانش ملک نے ہمیں بتایا کہ یہ اس شہر کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ پی ٹی آئی کے علاوہ باقی امیدواروں کے لئے ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں بھی یہی صورت حال ہے جہاں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں نے گذشتہ 10 دنوں میں لیاقت باغ میں جلسے کیے تھے۔ اس جگہ کی تاریخی اہمیت سے قطع نظر، یہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی جیسی بڑی سیاسی جماعتوں کے لئے پُر کرنے کے لئے بہت بڑا میدان نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کوئی بھی پارٹی اسے پر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی بھیڑ جمع کرنے میں کامیاب رہی اور نا ہی مسلم لیگ ن اگرچہ انتخابات قریب ہیں۔ یہ پیش رفت رائے دہندگان کے انتخاب میں جھکاؤ کی نشاندہی کرتی ہے، جو ان دونوں جماعتوں کے علاوہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی رائے دہندگان سروے اور رپورٹوں کی زد میں ہیں جن میں کسی نہ کسی پارٹی کی مقبولیت کا ذکر کیا گیا ہے۔ سروے کی کامیابی کا راز اس کے نمونے کی طاقت میں مضمر ہے جو آبادی پر اس کے نتائج کو لاگو کرتا ہے اور آبادی کے پیرامیٹرز کا تعین کرنے کے لئے سوالات کی درستگی بہت اہم ہے۔ بہت کم سروے کنڈکٹر ایک درست سوالنامے کا تعین کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، نمونے بنانے کی بات تو بہت دور کی ہے۔ لہٰذا یہ سروے رپورٹیں محض ایک سیاسی چال ہیں جن کا مقصد رائے دہندگان کو اس فہرست میں شامل ہونے پر مجبور کرنا ہے۔

لیکن اس بار رائے دہندگان اپنے انتخاب کو واضح کرنے جا رہے ہیں۔ انتخاب کا جوہر تنوع میں مضمر ہے۔ اگر ریحان زیب کی شخصیت کی صورت میں انتخابات میں تنوع کو نظرانداز کر دیا جائے تو ان انتخابات کے کوئی معنی اور کوئی ساکھ نہیں ہے، سوائے اس کے کہ یہ ایک بے کار مشق ہے۔

حسن زیدی یونیورسٹی میں میڈیا پڑھاتے ہیں جبکہ طاہر ملک معروف مبصر ہیں۔