Get Alerts

70 فیصد پاکستانیوں کو انتخابات کی شفافیت پر اعتماد نہیں: گیلپ سروے

70 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ معیشت کے حوالے سے انتہائی مایوسی کا شکار ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی لوگوں کی قوتِ خرید میں انتہائی پریشان کن کمی لارہی ہے۔ 50 فیصد پاکستانی کہتے ہیں کہ اُن کے لیے اب ڈھنگ سے محض گزارے کی سطح پر جینا بھی انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔

70 فیصد پاکستانیوں کو انتخابات کی شفافیت پر اعتماد نہیں: گیلپ سروے

ایک حالیہ سروے کے مطابق 70 فیصد پاکستانی شہریوں نے 8  فروری کو ہونے والے انتخابات کی شفافیت اور حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ سروے امریکی کمپنی ' گیلپ' نے کرایا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانی شہریوں میں معاشی، سیاسی اور ملکی سلامتی کو در پیش سکیورٹی چیلنجز سے متعلق مایوسی میں اضافہ ہوا ہے اور انتخابات سے قبل ان میں پائی جانے والی بے چینی عروج پر ہے۔

گزشتہ سال کے اواخر میں پاکستانیوں کی اکثریت معیشت کے حوالے سے18 سال کے دوران گیلپ کے سرویز کی شدید ترین مایوسی کا شکار تھے۔ 70 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ معیشت کے حوالے سے انتہائی مایوسی کا شکار ہیں۔

پاکستان میں زندہ رہنے کی لاگت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور بے روزگاری بھی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

دسمبر میں پاکستان میں افراطِ زر میں اضافے کی شرح 29.7 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ برس پاکستانی روپیہ ایشیائی کرنسیوں میں بدترین رہا۔ پاکستان نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کی بھرپور کوشش کی۔ آئی ایم ایف کے پروگرام کا سہارا بھی لیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بھی مالی امداد حاصل کی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ایک طرف لوگ معیشت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور دوسری طرف انفرادی سطح پر معاشی معاملات کے بگاڑ نے مایوسی بڑھائی ہے۔ معیارِ زندگی بڑھانا تو دور کی بات، برقرار رکھنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

بڑھتی ہوئی مہنگائی لوگوں کی قوتِ خرید میں انتہائی پریشان کن کمی لارہی ہے۔ 50 فیصد پاکستانی کہتے ہیں کہ اُن کے لیے اب ڈھنگ سے محض گزارے کی سطح پر جینا بھی انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔

سروے کے مطابق ملک میں سیاسی اور معاشی ماحول یکساں طور پر پریشان کُن ہے اور 10 میں سے 7 پاکستانیوں نے انتخابات کی شفافیت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شدید مایوسی کے عالم میں عام پاکستانی کا انتخابی نظام اور حکومتی ڈھانچے پر اعتماد نمایاں حد تک کم ہوا ہے۔ 70 فیصد پاکستانیوں کو یقین نہیں کہ انتخابات شفاف ہوں گے۔

88 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ان کے حکومتی نظام میں کرپشن جڑ پکڑ چکی ہے۔ 2022 کے ایک گیلپ سروے میں یہ تناسب 86 فیصد تھا۔ گزشتہ برس صرف 25 فیصد پاکستانیوں نے اپنی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے وائس آف امریکہ کی جانب سے جاری کیے گئے سروے کے شرکا میں 65 فیصد افراد نے عام انتخابات شفاف ہونے کی توقع ظاہر کی تھی۔