Get Alerts

کیا کرونا وائرس کے مریضوں کو مردہ قرار دینے پر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فنڈنگ مل رہی ہے؟

کیا کرونا وائرس کے مریضوں کو مردہ قرار دینے پر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فنڈنگ مل رہی ہے؟
کرونا وائرس کے مریضوں کو مردہ قرار دینے پر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ کی خبروں کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مسترد کر دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایسی افواہوں کے ذریعے ملک میں ہنگامی صورتحال پیدا کی جاتی ہے، ایسی کسی بھی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، ہم اس کی روک تھام کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس طرح کی افواہیں حد سے زیادہ بڑھ گئی ہیں، ہم لوگ صرف اور صرف ان کا جواب ہی دیتے رہتے ہیں۔ ہمیں ان کو روکنے کے لئے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے اور اس پر کام کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں، جس کے مطابق ہسپتال میں کسی اور مرض میں بھی جانے والے مریضوں کو کرونا متاثرین میں شامل کر دیا جاتا ہے یا انہیں مردہ قرار دے دیا جاتا ہے، ان خبروں کی گردش کے بعد عوام میں خوف پایا جا رہا تھا، جس کے بعد لوگ ہسپتالوں میں جانے سے بھی ڈر رہے ہیں۔ تاہم اب ان تمام خبروں کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس نے پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں اور اس سے یومیہ ہزاروں لوگ متاثر جبکہ درجنوں اموات بھی ہورہی ہیں۔ ملک میں اس عالمی وبا کے اب تک 73 ہزار 862 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1565 تک جاپہنچی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 2794 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 45 اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی اس وبا کو 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران اس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔

آج (یکم جون) کو بھی ملک میں کرونا وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔