مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرائیں، یہ ہماراآئینی حق ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے مطالبہ کیا کہ سیکشن 95(5) کا تقاضہ ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کا مارجن 5 فیصد سے کم ہوتو دوبارہ گنتی کرائی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکشن 95(6 )کے تحت مجموعی رزلٹ سے قبل دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے۔ ہمیں امید ہے چیف الیکشن کمشنر آئین اور شفافیت کے تقاضے یقینی بنائیں گے۔
اسی مد میں بیان دیتے ہوئے این اے 249 سے مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے کافی چیزیں واضح ہوجائیں گی
ادھر مسلم لیگ (ن) نے این اے249 کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کافرانزک آڈٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کے مطابق این اے 249 کے انتخابی نتیجے پر (ن) لیگ کو سخت تحفظات ہیں، انتخاب کا نتیجہ 11 گھنٹے تاخیر سے آیا۔
خط میں درخواست کی گئی ہےکہ جن پولنگ اسٹیشنز سے جاری فارم 45 پر شک ہے ان کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندو خیل کامیاب ہوئے جب کہ (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔