شاہد خاقان عباسی اور بلاول بھٹو کی ملاقات: ن لیگ نے این اے 249 میں مفتاح اسماعیل کےلیئے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگ لی

شاہد خاقان عباسی اور بلاول بھٹو کی ملاقات: ن لیگ نے این اے 249 میں مفتاح اسماعیل کےلیئے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگ لی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں ملاقات کی۔پی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد خاقان عباسی پی پی چیئرمین سے ملاقات کیلئے بلاول ہاؤس کراچی پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے بلاول سے این اے 249 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کیلئے پی پی پی کی جانب سے حمایت مانگی ہے۔اس پر بلاول نے جواب دیا کہ میں پارٹی سے مشاورت کے بعد آپ کو آگاہ کروں گا۔خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کی نشست خالی ہوئی تھی۔

اس نشست پرسابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔
سینیئر صحافی ناصر بیگ چغتائی نے اس حوالے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ‏پی ڈی ایم فارمولے کے تحت پیپلز پارٹی لیگی امیدوار کی حمایت کی پابند ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ مولانا کشیدگی نہ بڑھائیں۔ یاد رہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا تھا کہ اتحاد میں شامل جو جماعت جہاں سے جیتی ہوئی ہے، وہاں سے اسی کا امیدوار کھڑا ہوگا اور اگر ہاری ہوئی نشست پر ضمنی انتخاب ہوا تو اتحاد میں شامل جس جماعت کے امیدوار نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہوں گے، وہی سب کا مشترکہ امیدوار ہوگا۔

تاہم، منگل کو ہونے والے PDM سربراہی اجلاس میں ہوئی بدمزگی کے بعد جہاں اتحاد کا مستقبل خطرے میں نظر آ رہا ہے، وہیں اس حکمتِ عملی پر بھی کچھ وثوق سے نہیں کہا جا سکتا کہ عمل ہوگا یا نہیں۔ پیپلز پارٹی نے یہاں سے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے لیکن ماضی میں بھی پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کو ن لیگ کے حق میں اسی حکمتِ عملی کے تحت دستربردار کروا چکی ہے۔ یاد رہے کہ حلقہ این اے 249 سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر سنہ 2018 کے الیکشن میں ممبر قومی اسمبلی بنے تھے۔ انکے مقابلے میں شہباز شریف دوسرے نمبر پر آئے تھے جنہوں نے 34626 ووٹ لیئے تھے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوتھے نمبر پر رہے تھے۔ یی نشست فیصل واوڈا کی جانب سے نااہلی کیس کی سماعت کے دوران سینیٹر منتخب ہونے کے بعد مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔