پیمرا نے نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگا دی

پیمرا نے نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگا دی
پیمرا کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی تقاریر نشر نا کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ تھوڑی دیر قبل پیمرا کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کو ںوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک شہری اظہر صدیق کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ تمام چینلز نے عدالتوں کی طرف سے اشتہاری اور مفرور ملزم کی تقاریر نشر کی ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ چینلز نے تقاریر نشر کر کے قواعد و ضوابط اور اپنی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام لائیسنس یافتہ ٹی وی چینلز نے اعلی عدالتوں کے اس فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے جو کہ 27 مئی 2019 میں کیا گیا تھا کہ کسی بھی سزا یافتہ یا اشتہاری ملزم کی تقریر ٹی وی چینلز پر نشر نہیں کی جائے گی۔ لہذا تمام ٹی وی چینلز پیمرا قوانین، پی ایل ڈی 2019 سپریم کورٹ، پی ایل ڈی 2016 کراچی 238 کے تحت سزایافتہ مجرمان کے خلاف کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہیں۔

یاد رہے کہ شکایت گزار شہری اظہر صدیق کی جانب سے ماضی میں بھی بہت سی ایسی شکایات پیمرا و دیگر اداروں کو دی جا چکی ہیں۔ جن میں پیمرا کے سابق چئیرمین ابصار عالم کے خلاف مقدمات، لاہور جیل روڈ سگنل فری کوریڈور سمیت دیگر بہت سے ہائی پروفائل کیسز شامل ہیں۔