Get Alerts

ادویات میں استعمال کے لیے بھنگ کی کاشت کی منظوری دے دی گئی

ادویات میں استعمال کے لیے بھنگ کی کاشت کی منظوری دے دی گئی
وفاقی کابینہ کے آج منگل کو ہونے والے اجلاس میں بھنگ کے طبی اور صنعتی استعمال اور اس کی کاشت اور خریدو فروخت کو قانونی حیثیت دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ اجلاس کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ میں اس مقصد کے لیے بھنگ کی کاشتکاری کی اجازت ہوگی۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ان کی وزارت کے ذیلی ادارے پی سی ایس آئی آر کو بھنگ کے صنعتی اور طبی استعمال کے لیے کاشت کا پہلا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کو اربوں روپے کا منافع حاصل ہوگا۔

پاکستان کے بعض علاقوں میں بھنگ کو بطور مشروب بھی استعمال کیا جاتا ہے جسے عرف عام میں "سردائی" کے نام سے جانا جاتا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں بھنگ کو درد کش دوا کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔