کرونا وائرس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ایسے میں ترقی یافتہ ممالک سے لے کر ترقی پذیر یا پسماندہ علاقوں تک سب کے شعبہ صحت اس وقت لڑکھڑا چکے ہیں۔ دنیا کی توجہ اس وقت صرف اور صرف کرونا پر مرکوز ہے لیکن اسی دوران ایک اور خطرناک وبا پھوٹنے کے حوالے سے خبر دار کر دیا گیا ہے۔
دنیا کو خبردار کیا گیا ہے کہ کرونا کی وجہ سے شعبہ صحت پر آئے دباو کی وجہ سے معمول کی ویکسینیشن نہیں ہو پارہی جس کے باعث خدشہ ہے کہ عالمی سطح پر خسرے کی وبا پھوٹ سکتی ہے۔ یہ انتباہ گاوی ویکیسن الائنس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ گروپ کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آدھے سے زیادہ دنیا اس وقت گھروں میں محصور ہے۔ ہسپتالوں میں کرونا کا رش ہے ایسے میں قوی امکان ہے کہ دوسری بیماریوں کی معمول کی ویکسین نہ ہونے کے باعث خسرے کی وبا پھوٹ پڑے۔
اس حوالے سے 2018 میں افریقی ممالک میں پھوٹی ایبولا کی وبا کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے دوران اس وبا سے اڑھائی گنا زیادہ افراد خسرے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ ویکسین گروپ کا کہنا ہے کہ حکومتوں کو اس حوالے سے بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کوئی دور کی کوڑی نہیں کہ کسی بھی وقت دنیا کو خسرے اور دیگر وباؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ کرونا کی طرح خسرہ بھی ایک وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے