Get Alerts

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی، مسلم لیگ ن کا حکومتی حمایت کا اعلان

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی، مسلم لیگ ن کا حکومتی حمایت کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ ن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر حکومت کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت سے متعلق قانون سازی کے سلسلے میں حکومتی وفد مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر پہنچا تھا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کا فیصلہ قیادت کا پیغام ملنے کے بعد کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کا پیغام پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پہنچایا گیا۔ قیادت نے پیغام دیا کہ ہم آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔

اس سے قبل وزیرِ دفاع پرویز خٹک، قائدِ ایوان سینیٹ شبلی فراز اور اعظم سواتی نے مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا تنویر سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ حکومتی وفد نے مسلم لیگ ن سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت سے متعلق قانون سازی پر حمایت مانگی تھی۔

اس حوالے سے وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے جاری ہیں، امید ہے کہ شام تک مشاورت مکمل کر لیں گے۔

واضح رہے کہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مشاورت کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں لائیں گے، وفاقی کابینہ سے منظور آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل کل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔