Get Alerts

پنجاب حکومت نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو برداشت نہیں کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر

پنجاب حکومت نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو برداشت نہیں کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پنجاب حکومت کو بذریعہ چیف سیکرٹری اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضابطہ اخلاق کی کسی قسم کی بھی خلاف ورزی کی گئی تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سکنر سلطان راجا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پبلک آفس ہولڈر اگر خلاف ورزی کرے گا تو اس کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن سے نااہلی اور فوجداری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پنجاب 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انتظامات اور سیکیورٹی پر پنجاب سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب کامران افضل، آئی جی پنجاب رائو سردار، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور ایڈیشنل ڈی جی رینجرز پنجاب سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ امن وامان قائم رکھنا، پولنگ میٹیریل اور انتخابی عملہ کی سیکیورٹی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آپ کا رول اہم ہے۔ آپ ریاست کے ملازم ہیں۔ بغیر سیاسی دبائو کے کام کریں۔ ہم بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا کوئی افسر یا اہلکار سیاسی دبائو میں آئے یا کسی پارٹی کا ساتھ دے تو فوری الیکشن کمیشن کو رپورٹ کریں۔ الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد بڑھے گا تو جمہوریت اور ریاست مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے 4 حلقوں اور ملتان کے 1 حلقے کے حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج اور رینجرز کی static تعیناتی کے حوالے سے حکام سے رابطے میں ہیں۔ چیف سیکریٹری کامران افضل اور آئی جی پنجاب رائو سردار کی طرف سے صاف شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی گئی۔