Get Alerts

عمران خان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش، فوری گرفتاری کا امکان

عمران خان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش، فوری گرفتاری کا امکان
وفاقی کابینہ نے پاکستان کے تین ٹکڑے ہونے، قومی ایٹمی اثاثوں اور پاک فوج کیخلاف بیان دینے پر چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بول نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کریگی تو میں آپ کو لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ سب سے پہلے فوج تباہ ہوگی، ملک 3 حصوں میں تقسیم ہو جائے گا اور ہمارے ایٹمی اثاثے بھی چھن جائیں گے۔

عمران خان کے اس بیان پر بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے آج وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم کی واپسی پر وفاقی کابینہ کا اجلاس متوقع ہے۔

وزیر داخلہ سمیت وفاقی کابینہ کے اکثر ارکان نے عمران خان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی ہے، بغاوت کا مقدمہ درج ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی فوری گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ اور قانون نے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی۔ کابینہ ارکان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ایٹمی ملک کو ٹوٹنے کی بات کرکے ملک سے بغاوت کی، بغاوت ثابت ہونے پر وفاقی کابینہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمے کی منظوری لی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ملک دیوالیہ ہوگا، پھر ایٹمی اثاثے جائیں گے، پھر تین ٹکڑے ہو جائیں گے: عمران خان کی دھمکی

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دور کی کوڑی لاتے ہوئے ایک ہی پل میں پاکستان کو دیوالیہ، ایٹمی اثاثوں سے محروم اور ملک کے تین ٹکڑے کر دیئے تھے۔ سمجھ بوجھ رکھنے والے پاکستانی اس بیان پر ان کو خوب تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

موصوف نے بول نیوز کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اینکر سمیع ابراہیم کو بڑے مدبرانہ انداز میں سمجھاتے ہوئے پاکستان کی ایسی ہولناک منظر کشی کی کہ دیکھنے اور سننے والے خوف کے مارے کانپ اٹھے۔

عمران خان کا سمیع ابراہیم سے کہنا تھا کہ میں آپ کو سمجھاتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ کیا ہوگا۔ اس ملک میں اسٹیبلشمنٹ کا مسئلہ ہے۔ اگر اس ملک میں اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں کہ یہ بھی تباہ ہونگے اور پاکستان بھی تباہ ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کئے تو پاکستان کی فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی۔ اگر ملک دیوالیہ ہو گیا تو اس کے علاوہ اور کیا ہوگا۔ اتحادی حکومت جب سے آئی ہے، ملکی کرنسی گر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ مندی کی جانب جا رہی ہے اور ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔ اگر خدانخواستہ پاکستان بینک کرپٹ ہوگیا تو سب سے پہلے ہمارا جو قومی ادارہ اس کی زد میں آئے گا وہ پاکستان کی فوج ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب پاک فوج ہی متاثر ہو گئی تو اس کے بعد ہم سے یوکرین کی طرح ہمارے جوہری اثاثے لے لئے جائیں گے۔ ساری دنیا کو ہم سے مسئلہ ہی یہی ہے کہ ہم واحد مسلمان ملک ہیں جو ایٹمی قوت کا حامل ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب پاکستان ایٹمی طاقت کھو دے گا تو میں آج آپ سے کہتا ہوں کہ ہمارے تین حصے ہو جائیں گے۔ ان لوگوں کے بلوچستان کو ہم سے علیحدہ کرنے کے پلانز ہیں۔  اس وقت صحیح فیصلے کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک خود کشی کرنے کی سمت جا رہا ہے۔ میں صرف اس لئے زور لگا رہا ہوں۔