پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ 4 ماہ کیلئے ہو گا: وزیراعلیٰ محسن نقوی

پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ 4 ماہ کیلئے ہو گا: وزیراعلیٰ محسن نقوی
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ چار ماہ کے لیے ہو گا۔ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ، راولپنڈی سیف سٹی کیلئے فنڈز مختص کریں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی جمخانہ میں پوٹھوہار انکلوژر اورگیسٹ رومز کا سنگ بنیاد رکھا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی جمخانہ کے ماڈل کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شروع کریں گے۔ پنجاب کا نئے مالی سال کا بجٹ 4 ماہ کے لئے ہو گا۔ بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کیلئے فنڈز مختص کرکے جلد کام شروع کریں گے۔ کچہری چوک فلائی اوور پر بھی کام کا آغاز کریں گے۔ راولپنڈی سیف سٹی کیلئے بجٹ میں رقم مختص کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں اپنی مدد آپ کے تحت جمخانہ کلب بننے چاہیں کیونکہ یہ ماڈل کامیاب ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ جمخانہ کے پوٹھوہار انکلوژر کو ریکارڈ کم مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ جمخانہ منصوبہ اور 38 گیسٹ رومز راولپنڈی کے شہریوں اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے بن رہے ہیں۔مجموعی لاگت 550 ملین روپے ہے۔ انکلوژر میں لائبریری، فوڈ ہالز، کافی شاپ، گرینڈ سینما، ٹیبل ٹینس لاؤنج، سنوکر روم اور چلڈرن فن زون تعمیر کئے جائیں گے۔ اس میں کانفرس روم، سیلونز، ایڈمن ونگ اور لانڈری روم بھی موجود ہوں گے۔

صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، مشیر کنور دلشاد، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔